تاثیر 25 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 25 نومبر: رومانیہ میں منعقدہ انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ٹی ایف) ورلڈ یوتھ چیمپئن شپ میں ہندوستان کے انڈر 19 لڑکوں نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ ٹیم نے پیر کو سیمی فائنل میں چائنیز تائپے کو 3-2 سے شکست دے کر پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ اب فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔
ٹیم انکور بھٹاچارجی، پی بی ابھینند اور پرینجوج بھٹاچاریہ پر مشتمل ہے۔ سیمی فائنل میں انکور نے شاندار آغاز کرتے ہوئے ہسو ہسئن -چیاکو 2-3 سے شکست دے کر ہندوستان کو برتری دلائی۔اس کے بعد کو و-گوان ہانگ نے ابھینند کو 3-1 سے شکست دے کر اسکور برابر کردیا۔ پرینجوج نے لن چن- ٹنگ کو 3-2 سے ہرا کر ہندوستان کو برتری واپس دلا دی ۔
چائنیز تائپے کے کوو نے انکور کو 3-0 سے شکست دے کر میچ کو فیصلہ کن مقام تک پہنچایا لیکن فائنل میچ میں ابھینند نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہسو کو 3-0 سے شکست دے کر ہندوستان کی تاریخی جیت کو یقینی بنایا۔
دریں اثنا، ہندوستان کی انڈر 15 لڑکیوں کی ٹیم کو سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے 0-3 سے شکست کے بعد کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔

