یہودی آباد کار مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملے بند کریں : اسرائیلی آرمی چیف

تاثیر 13 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب ،13نومبر:اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شہریوں پر حملے کا سلسلہ جاری ہے ۔ دریں اثنا اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر نے یہودی آبادکاروں پر زور دے کر کہا ہے کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد واقعات کو روکیں۔
اسرائیل کے کسی اہم ذمہ دار کا یہ پہلا بیان ہے جو دو سال سے زیادہ عرصے کے دوران پہلی بار سامنے آیا ہے جس میں مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے پرتشدد واقعات کو باقاعدہ طور پر تسلیم بھی کیا گیا ہے اور ان کے بارے میں پالیسی کی تبدیلی کا شارہ بھی دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی پولیس اور فوج نے کئی یہودی آبادکاروں کو طولکرم کے علاقے سے ایسے وقت گرفتار کیا تھا جب یہودی آبادکار پرتشدد کاروائیوں اور حملوں کے لیے وہاں موجود تھے اور کئی فلسطینیوں کو زخمی کرنے کے علاوہ ان کی املاک کو مسمار کیا تھا۔