تاثیر 7 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جوکی ہاٹ میں ایس پی ایم پی نے آر جے ڈی امیدوار شاہنواز عالم کی حمایت میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔
ارریہ(راحیل عرفان)جمعہ کو جوکیہاٹ کے اوداہاٹ کے اوم ناتھ ہائی اسکول گراؤنڈ میں، سماج وادی پارٹی کی کیرانہ کی ایم پی اقرا حسن نے آر جے ڈی امیدوار اور ایم ایل اے شاہنواز عالم کی حمایت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ ایک جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب کسی ایک ایم ایل اے کے لئے نہیں ہے، بلکہ عوام کے مستقبل سے متعلق ہے۔ اب بہار کی ڈبل انجن والی حکومت کو گرانے کا وقت آ گیا ہے۔ اقرا حسن نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت عام لوگوں کی نہیں آر ایس ایس کی کٹھ پتلی بن گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر عظیم اتحاد کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کی معمولی سی غلطی بھی عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر سکتی ہے۔ وہیں انہوں نے اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اویسی نے اتر پردیش میں مسلم اکثریتی علاقوں میں امیدوار کھڑے کرکے بی جے پی کو فائدہ پہنچایا اور ایم آئی ایم ایک بھی سیٹ نہیں جیت پائی، لیکن گرینڈ الائنس کے امیدواروں کے ووٹ کاٹ کر، انہوں نے این ڈی اے کو حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا۔” انہوں نے سیمانچل کے لوگوں سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے اور گمراہ نہ ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے جوکی ہاٹ کے عوام سے شاہنواز عالم کو بھاری مارجن سے کامیاب کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر آر جے ڈی امیدوار شاہنواز عالم نے بھی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران کچھ لوگ بی جے پی کا لبادہ اوڑھ کر عظیم اتحاد کے امیدواروں کو ہرانے میں مصروف تھے۔ “اب وہی لوگ اپنے آپ کو سیکولر کہہ کر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ عوام کو ایسے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہنا چاہیے۔” اس انتخابی تشہیر میں محترمہ اقرا شام 6 بجے اودا ہاٹ گراؤنڈ پہنچی تھی۔ لیکن اس کے باوجود اجلاس میں خواتین اور نوجوانوں کی اتنی بڑی تعداد تھی کہ لوگوں کو پیر رکھنے تک کی جگہ نہیں مل رہی تھی۔

