تاثیر 29 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 29 نومبر:جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز ضلع رامبن کا دورہ کیا اور سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کے لیے مستقل رہائش گاہوں کے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے متاثرہ خاندانوں کو قواعد کے مطابق ریلیف اور ریسکیو فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ صرف سرکاری امداد سے گھر دوبارہ نہیں بنائے جاسکتے۔ ایچ آر ڈی ایس تنظیم کے اشتراک سے رامبن ضلع کے 189 متاثرہ خاندانوں کو آئندہ چھ ماہ کے اندر تین کمروں پر مشتمل مکانات فراہم کیے جائیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید بتایا کہ ان گھروں کے ساتھ 15 سالہ انشورنس پالیسی، صحت کی جانچ اور انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی بھی فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندان محفوظ اور باوقار زندگی گزار سکیں۔

