تاثیر 7 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور:7/نومبر(پریس ریلیز)بہار قانون ساز کونسل کے رکن اور یوتھ راشٹریہ جنتا دل کے قومی چیف جنرل سکریٹری قاری صہیب نے آج ایک پریس بیان جاری کرتے ہوئے بہار کی عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں بھی اسی جوش و خروش کے ساتھ ووٹ ڈالیں، جس طرح پہلے مرحلے میں تبدیلی کے حق میں بہار نے فیصلہ کن پیغام دیا ہے۔ قاری صہیب نے کہا کہ بہار کی باشعور عوام نے تیجسوی یادو کو وزیر اعلٰی بنانے کے لیے جس بصیرت، بیداری اور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے، وہ نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک کے لیے ایک نئی امید کی کرن ہے۔ عوام نے ایک بار پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ بہار کی سرزمین نفرت، دھوکہ دہی اور زہریلی سیاست کو قبول کرنے والی نہیں بلکہ یہ وہ زمین ہے جو ہمیشہ انصاف، بھائی چارے اور ترقی کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔قاری صہیب نے کہا کہ بہار کی عوام نے برسوں سے نتیش کمار اور نریندر مودی کی قیادت میں چلنے والی استحصال پر مبنی، فریب زدہ اور عوام دشمن پالیسیوں کا خمیازہ بھگتا ہے۔ روزگار کی کمی، تعلیم کی تباہی، صنعتوں کا زوال، کسانوں کی بدحالی اور نوجوانوں میں مایوسی یہ سب موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی گواہی دے رہے ہیں۔ مگر اب بہار کی بیدار عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اس زوال کو دوام نہیں دے گی۔ وہ ترقی، خوشحالی اور شراکت داری کی راہ پر آگے بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ آج بہار کے ہر ضلع، ہر گاؤں اور ہر محلے میں ایک ہی آواز گونج رہی ہے”اب کی بار، تیجسوی سرکار”یہ نعرہ کسی سیاسی مفاد کا نہیں بلکہ ایک عوامی عزم کا مظہر ہے۔ بہار کی عوام تعلیم، روزگار، ترقی، تحفظ اور عزتِ نفس کی جنگ لڑنے کے لیے تیجسوی یادو کی قیادت میں متحد ہوچکی ہے۔قاری صہیب نے مزید کہا کہ تیجسوی یادو کی سیاست نفرت نہیں، محبت کا پیغام دیتی ہے؛ ان کی قیادت استحصال نہیں، انصاف کی علامت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں، مزدوروں، کسانوں، طلبہ اور خواتین کے خوابوں کو اپنی پالیسیوں میں شامل کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہار کی عوام انہیں اپنا حقیقی قائد تسلیم کرچکی ہے۔قاری صہیب بی جے پی اور آر ایس ایس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بہار کی عوام نے بی جے پی اور آر ایس ایس کی فاشسٹ، فرقہ پرست اور عوام مخالف سیاست کو پوری طرح مسترد کر دیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ تعلیم، روزگار، صحت، اور ہمہ جہت ترقی کی نئی سمت طے کرنے کے لیے تیجسوی یادو کو وزیر اعلٰی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی یادو ہی وہ قیادت ہیں جو بہار کے نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو صرف محرومی، مہنگائی اور بے روزگاری دی ہے، جبکہ عظیم اتحاد عوام کو ترقی، انصاف اور سماجی ہم آہنگی کی نئی راہ پر لے جائے گا۔ قاری صہیب نے کہا کہ عوامی بیداری ہی تبدیلی کی ضمانت ہے، اور بہار کی تاریخ گواہ ہے کہ جب عوام اٹھ کھڑی ہوتی ہے تو اقتدار کی کرسیوں پر بیٹھے غرور کو جھکنا ہی پڑتا ہے۔قاری صہیب نے تمام ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال ضرور کریں اور بہار میں حقیقی تبدیلی کے لیے عظیم اتحاد کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ تیجسوی یادو کی حکومت میں بہار میں خوشحالی، تعلیم، صحت اور روزگار کا نیا دور شروع ہو سکے۔

