تاثیر 5 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بلاس پور، 5 نومبر: چھتیس گڑھ کے بلاس پور میں گتورہ اسٹیشن کے قریب لال کھدان علاقہ میں منگل کو کوربا پیسنجر ٹرین پٹری پر کھڑی مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے پورا لوکو پائلٹ انجن مال بردار ٹرین کے اوپر چڑھ گیا۔ اس خوفناک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد، جس کا اندازہ منگل کی رات تک آٹھ یا نو بتایا جا رہا تھا، اب بڑھ کر گیارہ ہو گئی ہے، جب کہ بیس سے زیادہ لوگ زخمی ہیں۔
سی پی آر او وپل کمار نے بدھ کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی مسافروں کا علاج ریلوے اسپتال، سمس اور اپولو میں جاری ہے۔ ریسکیو ٹیم نے بوگی سے کئی مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔ مسافر ٹرین کی بوگی کو بھی گیس کٹر سے کاٹا گیا۔ بوگی میں پھنسے تمام لوگوں کو بچا لیا گیا۔ حادثے کا شکار ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیم کا ریسکیو آپریشن رات گئے تک جاری رہا، جس میں 3 افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئیں۔ ریلوے تحقیقات کی بات کر رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ حادثہ منگل کی شام تقریباً 4:00 بجے پیش آیا۔

