تاثیر 17 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کلکتہ: احساسات کی لطیف دنیا کو ایک نئی آواز ملی ہے۔ یوشتا بنرجی نے بحیثیت نغمہ نگار، موسیقار اور گلوکار اپنے پہلے گیت “احساس” کے ذریعے موسیقی کی دنیا میں دلکش قدم رکھا ہے۔ ان کی پیش کش میں ہندوستانی کلاسیکی کی تہذیبی بنیاد بھی ہے اور جدید موسیقی کا تازہ رنگ بھی۔ چار برس کی عمر سے پنڈت جینت سرکار کی تربیت میں سنگیت کی پرورش پانے والی یوشتا نے انجینئرنگ کے پیشے کے ساتھ ساتھ اپنی اصل پہچان — موسیقی — کو ہمیشہ دل میں بسائے رکھا۔ ان کا کہنا ہے کہ موسیقی ان کے لیے سکون بھی ہے، سہارا بھی اور ذات کا سب سے سچا اظہار بھی۔
“احساس” یوشتا کے فنکارانہ سفر کا نہایت جذباتی باب ہے، جس میں وہ محبت کے اُبھرتے ہوئے بیساختہ کیفیات کو آواز دیتی ہیں۔ اس گیت میں وہ عشق کی وہ نازک کیفیت بیان کرتی ہیں جہاں منطق بے بس ہوجاتی ہے، جذبات موجوں کی طرح دل پر دستک دیتے ہیں اور دل اپنی ہی دھن پر دھڑکنے لگتا ہے۔ معصوم خواہشیں، شدید تڑپ، اور دل کی خاموش بغاوت— سب اس گیت کے آہنگ میں سمٹ آئے ہیں۔ جیسے سمندر بار بار ساحل سے لپٹتا ہے، ویسے ہی محبت بھی نرم اور گہری لَے میں لوٹتی رہتی ہے۔ گیت کی موسیقی کا اہتمام اویمن پال نے کیا ہے، جس نے اس تخلیق کو مزید لطیف اور پراثر بنا دیا ہے۔یہ گیت آشا نیکسٹ جین کے یوٹیوب چینل کے علاوہ تمام اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔

