نتیش کمار نے جو وعدے کئے ہیں اسے پورا کریں گے : للن سنگھ

تاثیر 30 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ ، 30نومبر:مرکزی وزیر للن سنگھ نے اتوارکے روز بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی اتنے بے صبرے تھے کہ وہ 18 نومبر کو اپنی حلف برداری کی تاریخ کا اعلان کرتے رہے۔ بتاؤ یہ کون کرتا ہے؟ للن سنگھ نے طنزیہ انداز میں پوچھا، “اب وہ کہاں ہیں؟ کوئی ہمیں بتائے گا کہ وہ کیسے ہیں؟ ان لوگوں کی حکمرانی کے بارے میں سوچ کر لوگوں کا روح کانپ جاتی ہے۔
انتخابات کے دوران خواتین کو 10 ہزار روپے دینے کے معاملے پر اپوزیشن کے حملے کا جواب دیتے ہوئے للن سنگھ نے کہا، “اپوزیشن کہاں ہے؟ ان کا کام بدگمانی پھیلانا ہے، ان سے پوچھیں کہ کیا ہو رہا ہے، وہ ساری نیتا گری بھول چکے ہیں۔” انہوں نے کہا، “ہم لوگوں نے جو وعدے کیے ہیں وہ پورے کریں گے۔ نتیش کمار اپنے وعدوں پر یقین رکھتے ہیں اور انہیں نبھاتے ہیں۔” نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کے وعدے کے بارے میں للن سنگھ نے دہرایا کہ یہ حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا، “ہم لوگ ایک کروڑ نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ پورا کریں گے۔ یہ نتیش کمار کا یو ایس پی ہے، اور ہم لوگ آئندہ پانچ سال تک اس ایجنڈے پر کام کریں گے۔ تو مان لیں کہ ہم پانچ سالوں میں ایک کروڑ نوکریاں فراہم کریں گے۔” انہوں نے ووٹر لسٹ پر نظر ثانی اور ووٹ چوری کے معاملے پر رام لیلا میدان سے کانگریس کے احتجاج پر بھی تبصرہ کیا۔ للن سنگھ نے کہا کہ چوری کی بات کرنے پر کانگریس کوکون پوچھ رہا ہے ؟پہلے اپنے گھر کی حالت دیکھ لیں۔