شمالی ریلوے نے ریلوے اسٹیشنوں پر متعدد ملٹی پرپز اسٹال قائم کیے

تاثیر 25 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 25 نومبر: انڈین ریلوے کے جموں ڈویژن نے اثاثہ جاتی آمدنی میں اضافہ کرنے کی اپنی مہم کے تحت ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے میگا ای-آکشن کے ذریعے جموں و کشمیر اور پنجاب کے اہم ریلوے اسٹیشنوں پر متعدد ملٹی پرپز اسٹال کامیابی کے ساتھ الاٹ کر دیے ہیں۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل کی نگرانی میں منعقدہ اس ای-نیلامی میں بولی دہندگان نے بھرپور دلچسپی دکھائی، جس سے اسٹیشن سطح پر تجارتی مواقع میں اضافہ کا رجحان ظاہر ہوا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ ریلوے کی نان فیئر ریونیو میں نمایاں اضافہ کرنا بھی ہے۔
آکشن کے نتائج کے مطابق شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا پٹھانکوٹ کینٹ، سوپور اور اننت ناگ سمیت کئی نمایاں اسٹیشنوں پر ملٹی پرپز اسٹال الاٹ کیے گئے ہیں۔ ان اسٹالز کا پہلے سال کا کرایہ مقام اور تجارتی اہمیت کے لحاظ سے تقریباً 2.22 لاکھ روپے سے 25 لاکھ روپے تک مقرر ہوا ہے۔
سب سے زیادہ بولی کٹرا ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 2/3 کے اسٹال کے لیے لگائی گئی، جس کا پہلے سال کا کرایہ 25 لاکھ روپے اور پانچ سالہ لیز ویلیو تقریباً 1.47 کروڑ روپے بنتی ہے۔ مجموعی طور پر جموں ڈویژن کو پانچ سالہ مدت میں تمام الاٹ شدہ یونٹس سے 2.80 کروڑ روپے کی آمدنی کی توقع ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ ملٹی پرپز اسٹال مسافروں کے لیے پینے کا پیک شدہ پانی، کھانے پینے کی اشیا، ٹوائلٹریز، رسائل اور بچوں کا سامان جیسی ضروری چیزیں فراہم کریں گے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کے تجربے میں مزید بہتری آئے گی اور اسٹیشنوں کے گرد چھوٹے کاروبار کو بھی تقویت ملے گی۔ڈی سی ایم اُچت سنگھل نے اس میگا ای-آکشن کو جموں ڈویژن کی سب سے کامیاب نیلامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 24 نومبر کو منعقدہ میگا ای-آکشن نے ہماری تمام سابقہ نیلامیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ریونیو پیدا کیا ہے۔ بہتر آمدنی کے ساتھ یہ نئے اسٹال مسافروں کو زیادہ سہولت اور مقامی کاروبار کو فروغ دیں گے، جس سے ریل سفر مزید آرام دہ اور آسان ہوگا۔