آتشزدگی میں ایک شخص کی موت، دو درجن دکانیں جل کر راکھ

تاثیر 25 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

 ارریہ(رقیہ آفرین) ضلع کے فاربس گنج بلاک کے تحت واقع سمراہا بازار میں دیر رات زبردست آگ لگ گئی۔ واقعے میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں دکانیں خاکستر ہوگئیں۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔ آتشزندگی کے حادثے میں ایک 92 سالہ شخص کی موت بھی ہوگئی۔ آگ لگنے سے کئی دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے کے مالی نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ تاہم انتظامیہ نے ابھی تک سرکاری طور پر نقصان کی تصدیق نہیں کی ہے۔ پولیس اور انتظامی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ کر نقصانات کی تحقیقات کی۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کو ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔متاثرہ دکانداروں میں سے ایک ریحان خان نے بتایا کہ اس کی موٹر سائیکل کا گیراج اور موٹر سائیکل کے پارٹس کی دکان خاکستر ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی آٹھ بائک بھی آگ میں جل کر تباہ ہو گئیں۔ وہیں حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فاربس گنج کے نو منتخب کانگریسی ایم ایل اے منوج وشواس نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور متاثرین کو مناسب معاوضہ اور دیگر مراعات کا یقین دلایا۔ مقامی لوگوں نے متاثرہ تاجروں کو مناسب معاوضہ دینے اور آگ لگنے کی وجہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔