سیمانچل کی ترقی کے لیے ہماری لڑائی جاری رہے گی: اویسی

 

ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
اے آئی ایم آئی ایم کے قومی صدر، بیریسٹر اسدالدین اویسی نے اسمبلی انتخابات کے بعد سیمانچل کا دو روزہ دورہ کیا۔ جمعہ کے روز انہوں نے کٹیہار ضلع کے بلرام پور، پورنیہ ضلع کے امور کے ساتھ ساتھ کشنگج ضلع کے کوچادھامن دورا کیا۔ اسی کڑی میں سنیچر کے روز بہادرگنج اسمبلی حلقہ کے لوہاگارا اور ٹھاکرگنج اسمبلی حلقہ کے کلبھرٹ چوک میں عوام سے مخاطب ہوے۔ یہ اویسی کا انتخابی نتائج کے بعد پہلا سیمانچل دورہ تھا، جہاں بڑی تعداد میں کارکنان اور عام لوگوں کی بھیڑ جمع ہوئی۔کلبھرٹ چوک میں منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ سیمانچل میں اے آئی ایم آئی ایم کے پانچ امیدواروں کی جیت پارٹی کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے ٹھاکرگنج میں ملے بڑے عوامی حمایت کے لیے خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا ٹھاکرگنج کے عوام نے ہمارے امیدوار غلام حسنین کو 76,463 ووٹ دے کر عوام نے بتا دیا کہ ان کا اعتماد ہمارے ساتھ ہے۔ یہ اللہ کا فیصلہ ہے کہ ہم یہاں سے جیت نہ سکے، لیکن ہمارے حوصلے کمزور نہیں ہوئے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے پانچ برسوں میں ٹھاکرگنج سے اے آئی ایم آئی ایم کا ایم ایل اے ضرور منتخب ہوگا۔ اویسی نے کہا کہ سیمانچل کی حقیقی ترقی اور مسلمانوں کی حالتِ حق میں بہتری ہی ہماری جدوجہد کا مقصد ہے۔ جب سیمانچل ترقی کرے گا اور یہاں کے عوام کے چہروں پر خوشی آئے گی، تب ہی ہم اپنی کامیابی سمجھیں گے۔ پٹنہ سے دہلی تک ہم آپ کی آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیمانچل کے لوگوں نے پورے ہندوستان کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ مسلمان اب اپنی قوت پر انتخابات لڑنے اور جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیمانچل میں اے آئی ایم آئی ایم کی کامیابی کی گونج اترپردیش، بنگال سمیت پورے ملک میں سنائی دے رہی ہے۔
اویسی نے وعدہ کیا کہ پارٹی سیمانچل سے دوری نہیں اختیار کرے گی۔ الیکشن ختم ہو جانے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم واپس نہ آئیں۔ ہم بار بار آئیں گے، آپ کے مسائل اٹھائیں گے، اور ہمارے ایم ایل اے اسمبلی میں سیمانچل کی آواز مضبوطی سے پیش کریں گے۔ اس موقع پر اے آئی ایم آئی ایم ضلع صدر نسیم، پارٹی لیڈر اشتیاق احمد، حافظ و قاری حسن منظر،
مکھیا نمائندہ رسم الدین، سماجی کارکن محمد ظفر، شمس آغاز، آصف جیلانی، محمد فرید، ظہور رضوی، محمد نومانی سمیت بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے۔