تاثیر 13 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کلکتہ، 13/ نومبر (تاثیر نیوز) پلاسٹ انڈیا فاؤنڈیشن کی جانب سے کلکتہ میں “پلاسٹ انڈیا 2026 روڈ شو” کا انعقاد کیا گیا، جس میں مغربی بنگال میں 3,000 کروڑ روپے کی نئی سرمایہ کاری اور دو لاکھ سے زائد روزگار کے امکانات کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں کلکتہ کے میئر جناب فرہاد حکیم (وزیر شہری ترقیات و بلدی امور) اور محترمہ وندنا یادو، آئی اے ایس (پرنسپل سکریٹری، محکمہ صنعت و تجارت) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انڈین پلاسٹک فیڈریشن (IPF) کے اشتراک سے ریاست میں پلاسٹک صنعت کے تیز رفتار فروغ کو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے صنعتی وژن “بنگال مینز بزنس” سے جوڑا گیا۔
پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں فی الحال فی کس پلاسٹک کھپت 9 کلوگرام ہے جو قومی اوسط 15 کلوگرام سے کم ہے، جس سے مستقبل میں ترقی کے وسیع امکانات ظاہر ہوتے ہیں۔
اس تعلق سے پلاسٹ انڈیا فاؤنڈیشن کے صدر روی ش کماٹھ نے کہا کہ مغربی بنگال حکومت کی فعال صنعتی پالیسیوں نے سرمایہ کاری کا سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔
پلاسٹ انڈیا 2026، جس کا موضوع “بھارت مستقبل” ہے، 5 سے 10 فروری 2026 کو بھارت منڈپم (نئی دہلی) میں منعقد ہوگا، جس میں 80 ممالک کے 2000 سے زائد نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔
یہ پروگرام مشرقی بھارت، خصوصاً مغربی بنگال، کو عالمی سطح پر پلاسٹک صنعت کا نیا مرکز بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔

