وزیر اعظم مودی نے بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی اکثریت کو گڈ گورننس، ترقی اور عوام کے اعتماد کی جیت قرار دیا

تاثیر 14 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 14 نومبر: بہار اسمبلی انتخابات 2025 میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی زبردست جیت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا نے اسے اچھی حکمرانی، ترقی اور عوام کے اعتماد کی جیت قرار دیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی پوسٹ میں کہا، ”گڈ گورننس کی جیت ہوئی ہے۔ ترقی کی جیت ہوئی ہے۔ عوامی بہبود کے جذبے کی جیت ہوئی ہے۔ سماجی انصاف کی جیت ہوئی ہے۔ میں بہار میں اپنے اہل خانہ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے این ڈی اے کو 2025 کے اسمبلی انتخابات میں تاریخی اور بے مثال جیت سے نوازا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مینڈیٹ بہار کو نیا عزم اور تیز رفتاری سے کام کرنے کی طاقت دے گا۔ تمام این ڈی اے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لکھا کہ وہ لوگوں کے درمیان گئے اور ترقیاتی ایجنڈا کو مضبوطی سے پیش کیا اور اپوزیشن کے ”ہر جھوٹ” کا منہ توڑ جواب دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں بہار کی ترقی، بنیادی ڈھانچے اور ثقافتی شناخت کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کریں گی، اور نوجوانوں اور خواتین کو نئے مواقع فراہم کریں گی۔