تاثیر 7 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں، 7 نومبر : شمالی ریلوے نے کہا ہے کہ جموں ڈویڑن میں ٹرینوں کی عام آمدورفت مارچ یا اپریل 2026 تک متاثر رہے گی، کیونکہ اگست میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد ریلوے پْلوں کی مرمت اور مختلف مقامات پر رفتار کی پابندیاں بدستور جاری ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق 22 ٹرینیں آئندہ کئی ماہ تک منسوخ رہیں گی، جبکہ 16 دیگر ٹرینیں محدود روٹس پر چلائی جائیں گی۔ یہ فیصلہ اْن ریلوے پْلوں کی مرمت اور بحالی کے پیش نظر کیا گیا ہے جو شدید بارشوں کے دوران نقصان زدہ ہوئے تھے۔
شمالی ریلوے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ خاص طور پر کٹھوعہ اور مادھوپور کے درمیان واقع پْل نمبر 17 سمیت کئی اہم پْلوں کی مرمت کا کام ابھی جاری ہے، جس کے سبب عام ٹریفک کی بحالی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ زیادہ تر ٹرینیں اپریل 2026 تک ہی دوبارہ چل پائیں گی، تاہم صورتحال کا انحصار مرمتی کام کی رفتار پر ہوگا۔

