تاثیر 25 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ایودھیا، 25 نومبر: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ ڈاکٹر موہن بھاگوت نے شری رام جنم بھومی مندر کی چوٹی پر دھرم دھوج لہرانے کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ آج کا دن ہم سب کے لیے اہمیت کا دن ہے۔ رام مندر کی تعمیر کے لیے لاتعداد لوگوں نےاپنی جانیں قربان کیں،آج ان کی آتما(روحیں) مطمئن ہو ئی ہوں گی۔ اشوک سنگھل جی کو وہاں سکون ملا ہوگا اور آج مندر کا جھنڈا لہرا دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں شری رام جنم بھومی مندر احاطے میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بھاگوت نے کہا کہ یہ اسی رام راجیہ کا جھنڈا ہے جو کبھی ایودھیا اور پوری دنیا میں لہراتا تھا ،آج مندر میں لہرایا ہے۔ اس زعفرانی جھنڈے پر رگھوکل کی علامت کوویدار درخت ہے۔ یہ درخت رگھوکل کے اقتدار کی علامت ہے۔ یہ وہی درخت ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ درخت سب کو سایہ دیتے ہیں لیکن خود دھوپ میں کھڑے رہتے ہیں۔پھل بھی دوسروں کو دیتے ہیں۔ رام راجیہ کا جھنڈا یہ پیغام دیتا ہے کہ حالات کتنے بھی خراب کیوں نہ ہوں، اسے صبر کے ساتھ سازگار حالات میں بدلنا چاہیے اور آج ہندو سماج نے رام مندر کے لیے 500 سال تک جدوجہد کرکے اسے دکھا دیا ہے۔ اس سچائی کی بنیاد پردھرم دنیا کو دینے والا ہندوستان آج کھڑا ہو گیا ہے۔ آج ایودھیا پوری دنیا کے لیے ثقافتی شعور کا مرکز بن رہا ہے اور پوری دنیا رام کے رنگ میں رنگی ہوئی ہے۔ یہ نہ صرف ایک دھرم دھوج ہے بلکہ ہندوستان کینئی بیداری کی علامت بھی ہے اور اس کا زعفرانی رنگ صدیوں کے عزم کی علامت ہے۔

