تاثیر 9 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ارریہ(رقیہ آفرین)بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلےکے انتخابی مہم کے آخری دن یو پی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ارریہ میں دو مختلف اسمبلی حلقہ میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ ارریہ کے نرپت گنج و سکٹی اسمبلی حلقہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن کو سخت نشانہ بنایا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ بہار کی ترقی صرف این ڈی اے حکومت ہی کر سکتی ہے۔ سی ایم یوگی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی فلاحی اسکیموں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے تقریباً 80 کروڑ غریبوں کو مفت راشن فراہم کیا ہے۔ تاہم کانگریس اور آر جے ڈی کا کام صرف اور صرف بدعنوانی پھیلانا ہے. عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سی ایم یوگی نے کہا کہ بہار میں آج وہ سب کچھ ہے جس کی اسے ضرورت ہے۔ پی ایم مودی کی قیادت میں غریبوں کی ترقی اور بہبود کی میراث ہے۔ وہیں انہوں نے شری رام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور آر جے ڈی کا کہنا ہے کہ رام غائب ہے، اور اگر رام غائب ہے تو دیوی جانکی کیسے ہوسکتی ہے؟ کانگریس کا دعویٰ تھا کہ رام مندر کبھی نہیں بنے گا۔ آر جے ڈی نے رام مندر رتھ یاترا کو روک دیا تھا اور اتر پردیش میں اس کی حلیف سماج وادی پارٹی نے رام بھکتوں پر گولی چلا دی تھی۔ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے رام مندر کے بارے میں کہا کہ جب کانگریس، آر جے ڈی، اور ایس پی نے کہا تھاکہ وہ رام مندر نہیں بننے دیں گے، تو اس وقت ہم نے، کہا تھا کہ ، ‘رام للا، ہم آئیں گے اور مندر وہیں بنائیں گے۔’ “اور اب ایودھیا میں رام مندر بن چکا ہے۔ ایودھیا میں بھگوان رام کے لیے وقف دنیا کا سب سے بڑا مندر مکمل تعمیر ہو گیا ہے۔ رام للا، ماں جانکی، بھگوان رام، بجرنگ بلی، اور لکشمن کے ساتھ تخت نشین ہوئے ہیں۔ ایودھیا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا کا ذکر کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ ایودھیا ایئرپورٹ کا نام مہارشی والمیکی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ وہیں سی ایم یوگی نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے قوم کے ایمان کی توہین کی ہے اور اب ریاست میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آر جے ڈی کے دور کو جنگل راج قرار دیتے ہوئے یوگی نے کہا کہ اس دوران 60 سے زیادہ قتل عام ہوئے۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ اگر کانگریس اور آر جے ڈی اقتدار میں واپس آئے تو بہار ایک بار پھر جرائم اور انارکی کے دور میں داخل ہو جائے گا۔ وہیں سی ایم یوگی نے سماج وادی پارٹی کے نوجوان رہنما اکھلیش یادو پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پنکچر بنانے والے یہاں آکر بہار کی ترقی کو پنکچر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہاں “دراندازوں کے لیے لانچنگ پیڈ” نہیں بننے دیا جائے گا۔ سی ایم یوگی نے کہا کہ بہار، جس نے دنیا کو نالندہ یونیورسٹی اور علم کی روشنی دی، اسے کانگریس-آر جے ڈی اتحاد نے ناخواندگی اور انارکی میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ وہی سرزمین ہے جس نے ماں جانکی، بدھا اور مہاویر کو جنم دیا تھا، لیکن کانگریس اور آر جے ڈی نے ذات پات کی تقسیم اور مافیازم سے اس سرزمین کو داغدار کردیا ہے۔ یوگی نے کہا کہ ان پارٹیوں کی وجہ سے ہی بہار کے نوجوان بے روزگار ہو گئے ہیں۔

