تاثیر 17 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں، 17 نومبر: شری ماتا ویشنودیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسی لینس (ریاسی) کے باہر پیر کے روز متعدد ہندو تنظیموں نے مشترکہ احتجاج کرتے ہوئے ایم بی بی ایس داخلہ فہرست کو منسوخ کرنے اور نئے سرے سے داخلہ عمل شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ ادارے میں پہلی مرتبہ منظور شدہ 50 نشستوں میں سے بیشتر ایک ہی کمیونٹی کو ملنے سے سنگین بے ضابطگیوں کا شبہ پیدا ہوتا ہے، جس پر فوری کارروائی ضروری ہے۔
اطلاعات کے مطابق 26-2025 کے تعلیمی سیشن کے لیے جاری پہلی فہرست میں 42 طلبہ کا تعلق ایک ہی طبقے سے ہے، جس پر کئی ہندو گروہوں نے اعتراض اْٹھایا اور الزام لگایا کہ ہندو برادری کی نمائندگی کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ مظاہرین نے مناسب ریزرویشن اور قواعد کے ازسرِنو جائزے کا بھی مطالبہ کیا۔ احتجاج میں شامل تنظیموں میں یووا راجپوت سبھا، راشٹریہ بجرنگ دل اور موومنٹ کلکی شامل تھے۔ اْنہوں نے ادارے کے قریب جمع ہو کر نعرے بازی کی اور مرکزی گیٹ کی جانب مارچ کیا۔ مظاہرین نے گیٹ زبردستی کھولنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔

