تاثیر 26 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ڈھاکا، 26 نومبر: بنگلہ دیش انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل-1 کی جانب سے معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کو سزائے موت کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد عبوری حکومت نے ان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔ نیشنل بورڈ آف ریونیو کے سینٹرل انٹیلی جنس سیل نے موتی جھیل میں واقع اگرنی بینک کی مین برانچ میں شیخ حسینہ کے نام پر رجسٹرڈ دو لاکرز سے 832.51 بھوری سونے (9.704 کلو گرام) کے زیورات برآمد کیے ہیں۔
دی ڈیلی اسٹار کی رپورٹ کے مطابق، نیشنل بورڈ آف ریونیو کے سینٹرل انٹیلی جنس سیل کے افسران نے پیر کو یہ کارروائی کی۔ اس کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ افسران نے ضابطے کے مطابق لاکر نمبر 751 اور 753 کو کھولا۔ ان لاکرز سے سونے زیورات کے علاوہ اندرون و بیرونِ ملک سے ملے ایوارڈ اور تحفے بھی برآمد ہوئے ہیں۔
حسینہ کے نام پر رجسٹرڈ ایک اور لاکر پیر کو ہی پوبالی بینک میں کھولا گیا۔ افسران نے کہا کہ وہاں کوئی اثاثہ نہیں ملا۔ قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش میں ’’بھوری‘‘ سونا ماپنے کی روایتی اکائی ہے۔ ایک بھوری کو تقریباً 11.664 گرام کے برابر مانا جاتا ہے۔ یہ اکائی ہندوستان اور نیپال جیسے دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی استعمال ہوتی ہے۔ زیورات کو بنانے اور ان کی قیمت طے کرنے کے لیے اس اکائی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔

