تاثیر 24 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تینکاسی، 24 نومبر(ہ س )۔تمل ناڈو کے تینکاشی ضلع کے کدیانلور کے قریب پیر کی صبح دو نجی بسوں کے درمیان آمنے سامنے تصادم میں چھ افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب شنکر نکوول سے تینکاشی جانے والی ایک پرائیویٹ بس دورئی سامی پورم علاقے میں مخالف سمت سے آنے والی ایک اور پرائیویٹ بس سے ٹکرا گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ دونوں بسوں میں کئی مسافر پھنس گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے تینکاشی سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں کا اسپتال میں انتہائی نگہداشت میں علاج جاری ہے۔ کئی مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اس حادثے میں پانچ خواتین اور ایک مرد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ ضلع پولیس کے سپرنٹنڈنٹ اروند نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ کئی لوگ شدید زخمی ہیں۔

