سون بھدر کانکنی حادثہ: اب تک پانچ لاشیں برآمد، راحت اور بچاو کی کارروائیاں جاری

تاثیر 17 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سون بھدر، 17 نومبر: اتر پردیش کے سون بھدر ضلع میں اوبرا بلی مارکونڈی کان میں گزشتہ ہفتہ کو پیش آنے والے ڈرلنگ حادثے سے اب تک پانچ لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ ملبے کے نیچے اب بھی کئی کارکنوں کے پھنسے ہونے کے خدشے کے پیش نظر این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں بچاو کاموں میں مصروف ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ بی این سنگھ نے پیر کو بتایا کہ یہ واقعہ بلی مارکونڈی کان کنی علاقے میں میسرس کرشنا کان میں پیش آیا۔ اب تک پانچ لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ اتوار کو برآمد ہونے والی لاش کی شناخت پرسوئی ٹولہ کے رہنے والے راجو سنگھ گونڈ (40) کے طور پر ہوئی ہے۔ اس سے قبل چار لاشیں برآمد کی گئی تھیں، جن کی شناخت حقیقی بھائیوں سنتوش یادو (30)، اندراجیت یادو (32) ساکن پناری، رویندر عرف نانک (18) ساکن کچنروا اور رام کھیلاون (32) ساکن پناری کے طور پر ہوئی تھی۔