رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول کے طلبہ کا نظام پور پولیس اسٹیشن کا یادگار معلوماتی دورہ

تاثیر 30 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بروز سنیچر بتاریخ ۲۹نومبر ۲۰۲۵، نظام پورہ پولیس اسٹیشن،بھیونڈی کے سینئر پولیس انسپکٹر جناب وشواس ڈگلے صاحب کی خصوصی دعوت پر رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول کے طلبا و اساتذہ نے اسکول ہذا کے سربراہ محمد شبیر فاروقی سر کی اجازت سے،انہی کی نگرانی میں نظام پور پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا۔اس گروپ میں آٹھویں،نویں اور دسویں جماعت کے سو منتخب طلبا شریک تھے۔پولیس انسپکٹر محترمہ اشوینی ٹھاکر،اسلم شیخ،مہیش پاٹنکر،جادھو میڈم،دیشمکھ صاحب اور راوت میڈم کے ذریعہ پولیس اسٹیشن کے مختلف کمروں مثلا شکایت کا کمرہ،فراری،تحریری کام، دستاویزات،اہم سامان کی حفاظت و دیکھ بھال،پاسپورٹ ویریفکیشن،کیرکٹر سرٹیفکیٹ،کنٹرول روم جیسے اہم کمروں کی معلومات فراہم کی گئی۔ان تمام معلومات کے بعد طلبہ کو احساس ہوا کہ پولیس ہماری حفاظت و نگرانی کے لیے کتنی محنت کرتی ہے۔آخر میں سینئر پولیس انسپکٹر جناب وشواس ڈگلے صاحب نے طلبہ سے اجتماعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ” ہماری زندگی بہت قیمتی ہے،اسے یوں ہی ضائع مت کیجئے،محنت اور لگن سے پڑھائی کریں اور اپنے اسکول اور اساتذہ کو نام روشن کیجئے۔اچھی تعلیم ہی اچھا سماج دے سکتی ہے۔”اسکول ہذا کے فعال اساتذہ جناب آصف خان جامعی،ظفر عالم خان اور عبدالکریم باغوان سر نے طلبہ کی رہنمائی و دیکھ بھال اور دیگر انتظام بحسن و خوبی انجام دیا-(عبدالمنعیم مومن۔شعبئہ نشر واشاعت،رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول،قریش نگر،اردو روڈ،نظامپورہ،بھیونڈی-ضلع تھانہ)