بسنت پور کا قدیم ٹھاکر باڑی گنبد اچانک ہوا منہدم،گاؤں والوں میں تعمیر کو لیکر ہوئی تشویش

تاثیر 22 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

             سہسرام ( انجم ایڈووکیٹ ) روہتاس ضلع چناری بلاک کے بسنت پور گاؤں میں واقع قدیم ٹھاکر باڑی کا ایک گنبد اچانک گر گیا جس سے مندر کے احاطہ کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ اس واقعہ کے بعد پورے گاؤں میں گہری تشویش ہے اور گاؤں والے اس کی تعمیر کیلئے فکرمند ہو گئے ہیں ۔ بسنت پور کے باشندہ اور سماجی کارکن رام پکار پانڈے عرف مان بابا نے بتایا کہ ٹھاکر باڑی ان کے آباؤ اجداد آنجہانی پنڈت بہادر پانڈے نے بنوائی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ گنبد کے گرنے کے بعد اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اسے دوبارہ کیسے اور کب بنایا جائیگا ۔مان بابا نے بتایا کہ دور دور سے عقیدت مند اپنی خواہشات و امیدیں لیکر ٹھاکر باڑی آتے ہیں جو اکثر پوری بھی ہوتی ہیں ۔ آج بھی یہاں باقاعدگی سے مہا پرساد تقسیم کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قدیم ورثہ کا تحفظ سبھی کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے عوامی نمائندوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ آگے آئیں اور اس قدیمی ورثہ کے تحفظ اور بحالی میں تعاون کریں تاکہ یہ ورثہ آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ رہ سکے ۔