وزیراعلیٰ نے حاجی پورصنعتی علاقہ کا دورہ کیا اور صنعتی اکائیوں کا معائنہ کیا

تاثیر 24 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 24 نومبر، 2025: وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج حاجی پور صنعتی علاقے کا دورہ کر کے صنعتی اکائیوں جیسے نیو جیل سیزنل ویئر پرائیویٹ لمیٹڈ، کمپیٹنس ایکسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، اور برٹانیہ انڈسٹریز لمیٹڈ کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے نیو جیل سیزنل وئیر پرائیویٹ لمیٹڈ کا معائنہ کرکے وہاں تیار ہونے والے مختلف قسم کے ملبوسات اور وہاں پر کام کرنے والے ملازمین کی تعداد کے بارے میں حکام سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے ٹیلرنگ کے عملے سے بات چیت کی اور صنعتی یونٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس کے بعد وزیراعلیٰ نے حاجی پورصنعتی علاقہ کے تحت کمپیٹنس ایکسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران وزیر اعلیٰ نے کمپیٹنس ایکسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ میں تیار ہونے والے مختلف قسم کے جوتوں سے متعلق مارکیٹ، خام مال اور دیگر معلومات کے حوالے سے انتظامیہ سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
حاجی پور انڈسٹریل ایریا میں واقع برٹانیہ انڈسٹریز لمیٹڈ کا بھی وزیر اعلیٰ نے معائنہ کیا۔ اس دوران افسران نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ یہاں خاص طور پر بسکٹ اور کوکیز تیارکیے جاتے ہیں، جو پورے ہندوستان اور بیرون ملک بھی بھیجے جاتے ہیں۔ یہ کمپنی برٹانیہ انڈسٹریز لمیٹیڈ کا حصہ ہے، جو بسکٹ، بریڈ اورڈیئری کی مصنوعات بنانے کے لیے جانی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے حاجی پورصنعتی علاقہ کی ان صنعتی یونٹس میں چل رہی صنعتی سرگرمیوں، صنعتی توسیع کے امکانات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق دیگر اہم امور پر افسران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ نے صنعتی ترقی کو مزید تیز کرنے کے لیے ضروری ہدایات بھی دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔
غور طلب ہے کہ حاجی پور کلسٹر بہار کا ایک بڑا صنعتی سینٹر ہے، جس میں کل حاجی پور انڈسٹریل ایریا اور ایکسپورٹ پروموشن انڈسٹریل پارک سمیت کل 9 صنعتی علاقے شامل ہیں۔ اس کلسٹر میں اب تک 289 صنعتی یونٹوں کو زمین الاٹ کی جا چکی ہے۔ کلسٹر میں 291.83 ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے اور 304.11 ایکڑزمین مختص کرنے کے لیے دستیاب ہے۔ یہاں صنعتیں چلانے کے لیے 11 کے وی اور 33کے وی بجلی کی فراہمی،ڈیولپ روڈ نیٹ ورک، سولر اسٹریٹ لائٹس، پانی کی نکاسی کانظام، باؤنڈری وال، کلسٹر کا جغرافیائی محل وقوع اور اس کی بہترین کنیکٹیوٹی اسے ایک مضبوط صنعتی مرکز بناتی ہے۔ سال 2024-25 کے دوران اس کلسٹر میں سرمایہ کاری، روزگار کی تخلیق اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ یہاں کمفیڈ سودھا ڈیئری ، سون بسکٹ لمیٹیڈ ، انمول انڈسٹریز لمیٹیڈ ، برٹانیہ انڈسٹریز لمیٹیڈ،گوڈریج ایگروویٹ لمیٹیڈ ، ایس ایل ایم جی بیورجیز پرائیویٹ لمیٹیڈ اور ایون سائیکل لمیٹڈ جیسی بڑی کمپنیوں کے ذریعہ یہاں سرمایہ کاری کی گئی ہے، جس سے مقامی طور پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
اس موقعہ پررکن اسمبلی جناب سدھارتھ پٹیل، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، چیف سکریٹری مسٹر پرتیئے امرت، محکمہ صنعت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر مہیر کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر کمار روی، ویشالی کی ڈی ایم مسز ورشا سنگھ سمیت دیگر معززین اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔