ٹرمپ کا سعودی عرب کوایف – 35 طیارے فروخت کرنے کا اعلان

تاثیر 18 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،18نومبر:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو امریکی ساختہ ایف-35 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اعلان واشنگٹن میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اْن کی متوقع ملاقات سے قبل سامنے آیا ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم سعودی عرب کو لڑاکا طیارے فروخت کریں گے اور ہم ایک ممکنہ سکیورٹی معاہدے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ سعودی عرب ہمارا شان دار اتحادی ہے، میں اس معاہدے پر غور کر رہا ہوں اور وہ ہماری بہت قدر کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ریاض نے ایف-35 طیاروں کے تقریباً 48 یونٹ خریدنے کی درخواست دی تھی۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے اس سے قبل بتایا تھا کہ اس درخواست نے پینٹاگان میں ایک اہم مرحلہ عبور کر لیا ہے، جہاں گزشتہ کئی مہینوں سے اس سودے کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔ یہ معاملہ اب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کی سطح پر زیرِ غور ہے۔