تاثیر 15 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نیویارک،15نومبر:امریکہ سمیت کئی عرب اور مسلمان ممالک نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل امریکی قرارداد کو غزہ میں امن منصوبے کی عملداری کے لیے جلد منظور کرے۔ ان مطالبہ کرنے والے ملکوں میں سعودی عرب اور مصر کے علاوہ ترکیہ بھی شامل ہے۔امریکہ ، قطر ، مصر ، متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب ، انڈونیشیا ، پاکستان ، اردن اور ترکیہ نے مشترکہ طور پر اقوام متحدہ کی قرارداد کی حمایت کی ہے۔ یہ قرارداد آج کل سلامتی کونسل میں زیر بحث ہے۔
ان ملکوں کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے وہ چاہتے ہیں کہ قرارداد کو منظور کر نے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ پچھلے ہفتے امریکی حکام کی طرف سے اس سلسلے میں سلامتی کونسل کے 15 ارکان کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا گیا تھا۔ تاکہ اس مسودے کو منظور کرا کے غزہ کے جنگ بندی منصوبے کو آگے بڑھایا جائے۔مذکورہ بالا ملکوں کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے ہم اس کوشش کو بہت مخلصانہ سمجھتے ہیں اور غزہ کے استحکام اور امن کے لیے یہ کوشش پائیدار راستے کا تعین کرتی ہے اور یہ امن و استحکام صرف اسرائیل اور حماس کے درمیان نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے چاہتی ہے۔مغربی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ نے قرارداد کا مسودہ جمعرات کے روز دیکھا جس میں امن کے لیے ایک بورڈ کی تشکیل اور ایک عبوری حکومتی باڈی غزہ کے لیے تجویز کی گئی ہے۔جس کے سربراہ ٹرمپ ہوں گے اور جسے 2027 کے اختتام تک مینڈیٹ حاصل ہوگا۔

