تاثیر 14 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،14نومبر:اسرائیلی نشریاتی ادارے نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے تیار کی گئی امریکی قرار داد کے مسودے میں فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے طویل مدتی اقدامات شامل ہیں۔ مسودے کے مطابق یہ عمل فلسطینی اتھارٹی کے اصلاحی پروگرام پر عمل درآمد کے بعد ’قابل اعتماد‘ ہو سکتا ہے۔مسودے میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے اصلاحی پروگرام کو ایمان داری سے نافذ کرنے اور غزہ کی دوبارہ ترقی میں پیش رفت حاصل ہونے کے بعد، آخرکار فلسطینی خود ارادیت اور ریاست کے قیام کے لیے ایک قابل اعتماد راستہ سامنے آ سکتا ہے۔مسودے کے ایک نئے حصے کے مطابق “امریکہ … اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان ایک مذاکراتی عمل شروع کرے گا تاکہ پْر امن اور خوش حال بقائے باہمی کے لیے سیاسی افق پر اتفاق کیا جا سکے۔مزید یہ کہ بین الاقوامی فورس برائے استحکام، اسرائیل اور مصر کے ساتھ کام کرے گی اور ساتھ فلسطینی پولیس بھی شامل ہو گی جسے حال ہی میں تربیت دی گئی ہے۔

