امریکہ کا غزہ پر اقوام متحدہ کے ممکنہ فیصلے پر محتاط خوشی کا اظہار

تاثیر 14 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،14نومبر:غزہ کی صورتِ حال سے متعلق پیش رفتیں جاری ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیونے امید ظاہر کی ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل جلد ہی ایک ایسا فیصلہ جاری کرے گی جو غزہ میں بین الاقوامی امن فورس کی تعیناتی کی حمایت کرے گا۔روبیو نے کینیڈا میں منعقد جی سیون وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد کہا کہ امریکا متعدد ملکوں کے ساتھ یہ بات چیت کر رہا ہے کہ مجوزہ فیصلے میں مختلف قومی مفادات کے درمیان کس طرح توازن قائم کیا جائے۔ دوسری جانب انہوں نے مغربی کنارے میں حالیہ پرتشدد واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کے اثرات غزہ میں فائر بندی کے عمل کو متاثر کر سکتے ہیں۔دو سابق امریکی حکام نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ واشنگٹن نے گزشتہ سال کے اختتام پر غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کے جانب سے فلسطینیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے سے متعلق خفیہ معلومات جمع کی تھیں۔ان کے مطابق یہ معلومات وائٹ ہاؤس کے ساتھ شیئر کی گئیں اور صدر جو بائیڈن کے دورِ حکومت کے آخری ہفتوں میں امریکی انٹیلی جنس اداروں نے ان کا تجزیہ کیا۔ تاہم حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان فلسطینیوں میں قیدی شامل تھے یا عام شہری۔اسرائیلی حکومت نے “العربیہ” اور “الحدث” کو بتایا ہے کہ رفحمیں موجود حماس کے محصور جنگجوؤں کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔