امریکی فوج وینزویلا کے خلاف بڑی کارروائی کے لیے تیار

تاثیر 14 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن، 14 نومبر: امریکی فوج وینزویلا میں ایک بڑی کاروائی کی تیاری کر رہی ہے۔ اعلیٰ فوجی حکام نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وینزویلا میں ممکنہ کارروائیوں کے نئے متبادل بشمول زمینی حملوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وائٹ ہاوس میں کئی اعلیٰ سطحی میٹنگ ہو چکی ہیں۔ صدر ٹرمپ کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں سکریٹری جنگی معاملات پیٹ ہیگستھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ڈین کین اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
سی بی ایس نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق، سینئر فوجی حکام نے بدھ کو صدر ٹرمپ سے ملاقات کی اور اس منصوبے پر بات چیت کی۔ فوجی حکام نے وینزویلا میں ممکنہ کارروائیوں کا خاکہ پیش کیا، جس میں ضرورت پڑنے پر زمینی حملے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ جنگی معاملات کے سکریٹری پیٹ ہیگستھ اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین ڈین کین نے صدر ٹرمپ کے ساتھ مکمل منصوبہ شیئر کیا، لیکن کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔