تاثیر 12 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،12نومبر(ہ س)۔امریکی ذرائع کے مطابق کچھ رپورٹوں میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ امریکی فوج غزہ کے قریب ایک عارضی فوجی اڈے کے قیام پر غور کر رہی ہے جو تقریباً 10,000 افراد کے کام آنے کی گنجائش رکھتا ہو۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ ایک بین الاقوامی استحکام فورس تشکیل دی جا سکے جو اسرائیل اور حماس کے درمیان کمزور سی جنگ بندی کی نگرانی کرے۔
تاہم وائٹ ہاو¿س نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اب تک اس اقدام کی کوئی باقاعدہ منظوری نہیں دی گئی۔ وائٹ ہاو¿س کی ترجمان کیرولین لیویٹ کے مطابق جو دستاویز پہلے منظر عام پر آئی تھی وہ محض ایک انفرادی مسودہ تھا جسے فوج کے چند اہل کاروں نے تیار کیا تھا اور اسے سرکاری فیصلہ نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ذرائع نے بتایا کہ امریکی نیوی نے کئی کمپنیوں سے لاگت کا تخمینہ طلب کیا ہے تاکہ ایک خود کفیل عارضی فوجی اڈا قائم کیا جا سکے، جس میں 10,000 افراد کے لیے رہائش، دفتر کے لیے 10,000 مربع فٹ جگہ اور 12 ماہ کے لیے بنیادی سہولیات شامل ہوں۔ اس میں خوراک، پانی، توانائی کی پیداوار، صفائی، طبی سہولت اور قابل اعتماد مواصلاتی نیٹ ورک شامل ہو گا۔

