تاثیر 22 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد ، 22 نومبر:حیدرآباداور اضلاع میں سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں نے عام لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ مارکیٹ میں سبزیوں کے نرخ اچانک تیزی سے بڑھ گئے ہیں، جس کے بعد غریب اور متوسط طبقہ شدید مالی دباؤ کاشکارہو گیاہے۔عوام کا کہنا ہے کہ صورتحال اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ نہ خرید سکتے ہیں اور نہ چھوڑ سکتے ہیں۔کھائیں تو آخر کیا؟
تجارتی ذرائع کے مطابق نومبر کے مہینے میں عموماً سبزیاں سستی ہوتی ہیں، مگر اس سال مسلسل بارشوں،اورطوفان اورمونگا سمندری طوفان کے سبب سبزیوں کی فصل کو بڑا نقصان ہوا۔کئی اضلاع میں فصلیں پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ کیچڑ اور نمی کے باعث فصلیں وقت سے پہلے خراب ہو گئیں،جس کے نتیجے میں پیداوار میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے۔اس کمی کو پورا کرنے کے لیے ریاست کو مہاراشٹرا، کرناٹک اورآندھرا پردیش سے سبزیاں منگوانی پڑ رہی ہیں۔ نقل و حمل کے بڑھتے اخراجات نے بھی قیمتوں کو دوگناکرنے میں اہم کردار ادا کیاہے۔

