بنگلہ دیش میں تشدد : ہجوم نے گاڑیوں کو آگ لگا دی، ڈھاکہ اور آس پاس کے اضلاع میں سیکیورٹی فورس تعینات

تاثیر 12 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ڈھاکہ ٹریبیون اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق بی جی بی کے ترجمان شریف الاسلام نے کہا کہ ڈھاکہ میں 12 پلاٹون اور آس پاس کے اضلاع میں دو پلاٹون تعینات کی گئی ہیں۔ عبوری حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ ڈھاکہ اور آس پاس کے اضلاع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بی جی بی کی 14 پلاٹون تعینات کی گئی ہیں۔بی جی بی ہیڈکوارٹر کے تعلقات عامہ کے افسر شریف الاسلام نے بدھ کی صبح بتایا کہ ڈھاکہ میں 12 پلاٹون تعینات کر دی گئی ہیں، جبکہ باقی دو پلاٹون دارالحکومت کے آس پاس کے اضلاع میں تعینات کر دی گئی ہیں۔ نیم فوجی دستوں کو ہوٹل انٹر کانٹی نینٹل، دھان منڈی 32، ہوائی اڈہ، عبداللہ پور، ککریل، شیشو اکیڈمی، ہائی کورٹ ایریا اور ابرار فہد ایونیو سمیت اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔حکومتی ترجمان کے مطابق، شرپسندوں نے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ڈھاکہ، غازی پور اور دیگر اضلاع میں بسوں کو آگ لگا دی۔ عوامی لیگ نے انسانیت کے خلاف جرائم سے متعلق ایک مقدمے میں شیخ حسینہ اور دیگر کے خلاف 13 نومبر کو انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل کے فیصلے سے قبل بند کی اپیل کی ہے۔