چاما پبلک اسکول میں سالانہ تقریب کے موقع پر ثقافتی پروگرام کا انعقاد

بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت میں بھی تعاون کریں: ڈاکٹر اظہار انصاری
ٹھاکر گنج (محمد شاداب غیور)
چاما پبلک اسکول کے احاطے میں سالانہ تقریب کے تحت اتوار کے روز ایک شاندار ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ہندوستانی تہذیب، روایت اور اخلاقی اقدار سے جوڑنا تھا۔ اس موقع پر اسکول کا احاطہ رنگ برنگے ملبوسات، خوبصورت سجاوٹ اور بچوں کی خوشیوں سے جگمگا اٹھا۔
پروگرام کا آغاز شمع روشن کرنے اور سرسوتی وندنا سے ہوا۔ اس کے بعد طلبہ نے استقبالیہ نغمہ، حب الوطنی کے گیت، لوک رقص، گروپ ڈانس، اسٹیج ڈرامہ اور نظم خوانی جیسی دلکش پیشکشیں پیش کیں۔ بچوں کی شاندار اور پراثر پیشکشوں نے وہاں موجود والدین، اساتذہ اور مہمانوں کے دل موہ لیے۔ خاص طور پر سماجی پیغام پر مبنی ڈرامہ نے حاضرین کو غور و فکر پر مجبور کیا اور خوب داد سمیٹی۔
اسکول کے پرنسپل آرکا پربھو مجومدار نے اپنے خطاب میں کہا کہ چاما پبلک اسکول صرف درسی تعلیم تک محدود نہیں ہے بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مسابقتی دور میں بچوں کو تعلیمی علم کے ساتھ ساتھ ثقافتی، اخلاقی اور سماجی اقدار سے جوڑنا نہایت ضروری ہے۔ اس طرح کے پروگرام طلبہ میں خود اعتمادی، قیادت کی صلاحیت اور تخلیقی سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ اسکول کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اظہار انصاری نے کہا کہ چاما پبلک اسکول علاقے میں بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ جدید تعلیمی طریقۂ کار، تجربہ کار اساتذہ، باقاعدہ نظم و ضبط اور ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے اسکول طلبہ کو روشن مستقبل کی جانب گامزن کر رہا ہے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت میں بھی بھرپور تعاون کریں۔
پروگرام کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا۔ شکریہ کے کلمات کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ مجموعی طور پر یہ ثقافتی پروگرام طلبہ کے لیے نہایت حوصلہ افزا ثابت ہوا اور چاما پبلک اسکول کی تعلیمی وابستگی اور عزم کو واضح کرتا ہے۔ اس موقع پر بلاک ایجوکیشن آفیسر، جواہر نوودیہ ودیالیہ کے پرنسپل، کرلی کوٹ تھانہ انچارج، ڈائریکٹر ڈاکٹر اظہار انصاری، آرکا پربھو مجومدار، ڈاکٹر آصف سعید، مارکیٹنگ مینیجر غلام حیدر، اُپیندر کمار سنگھ، آفس مینجمنٹ آکرتی شرما، سعدیہ خاتون، آکانکشا رائے، مہدی حسن، نیویدیتا مجومدار، بِنا سین، اُمّ کلثوم سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔