اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے پر21 ملکوں اور او آئی سی نے مذمت کی

تاثیر 28 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

قاہرہ،28دسمبر:21 ملکوں اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے ہفتے کے روز ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کے خطے کو تسلیم کرنے کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ سعودی عرب، مصر، الجزائر، کوموروس، جبوتی، گیمبیا، ایران، عراق، اردن، کویت، لیبیا، مالدیپ، نائجیریا، عمان، پاکستان، فلسطین، قطر، صومالیہ، سوڈان، ترکیہ اور یمن کے وزراء خارجہ اور اسلامی تعاون تنظیم نے صومالیہ میں واقع “صومالی لینڈ” کو تسلیم کرنے کے اسرائیلی اعلان کو قطعی طور پر مسترد کرنے کی تصدیق کی ہے۔ یہ فیصلہ ’’ قرن افریقہ‘‘ اور بحیرہ احمر کے خطے میں امن و سلامتی پر اس بے مثال اقدام کے سنگین اثرات اور بین الاقوامی امن و سلامتی پر اس کے خطرناک اثرات کے پیش نظر کیا گیا ہیجو بین الاقوامی قانون سے اسرائیل کی مکمل لاپرواہی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔وزرائے خارجہ نے اس اعتراف کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قانون کے قواعد اور اقوام متحدہ کے اس چارٹر کی صریح خلاف ورزی قرار دیا جو ریاستوں کی خودمختاری اور ان کی علاقائی سالمیت کے تحفظ پر زور دیتا ہے۔ وزرا نے صومالیہ کی خودمختاری کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا اور کسی بھی ایسے اقدام کو مسترد کردیا جو صومالیہ کی وحدت، علاقائی سلامتی اور اس کی پوری سرزمین پر خودمختاری میں خلل ڈالے۔وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ ریاستوں کے علاقوں کے حصوں کی آزادی کو تسلیم کرنا ایک خطرناک مثال ہے اور بین الاقوامی امن و سلامتی اور بین الاقوامی قانون کے مستحکم اصولوں کے لیے خطرہ ہے۔ وزراء نے اس اقدام اور فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے باہر نکالنے کے کسی بھی منصوبے کے درمیان تعلق کو دو ٹوک انداز میں مسترد کیا۔یورپی یونین نے بھی ہفتے کے روز صومالیہ کے آئین اور یورپی و افریقی یونین کے چارٹرز کے مطابق صومالیہ کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی تصدیق کی ہے۔ یورپی یونین نے صومالی لینڈ اور صومالی حکومت کے درمیان زیر التوا اختلافات کے حل کے لیے تعمیری مذاکرات کی اپیل کی ہے۔