بِہار میں 59 3ویں پرکاش اُتسو کی بَہار

تاثیر 26 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

گرو گووند سنگھ جی کا 359 واں پرکاش اتسو بہار کی مقدس سرزمین پر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔یہ نہ صرف سکھ برادری بلکہ پورے ملک کے لئے ایک عظیم روحانی اور سماجی تقریب ہے۔ یہ اتسو گرو جی کے جنم دن کی یاد میں منایا جاتا ہے۔وہ خالصہ پنتھ کے بانی اور بہادری، قربانی اور مساوات کے پیکر تھے۔گرو جی کا جنم پٹنہ میں ہوا تھا،اسی وجہ سے پٹنہ کو پٹنہ صاحب کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔آج دنیا بھر سے آئے عقیدت مندوں سے پٹنہ صاحب کی سرزمین بارونق نظر آ رہی ہے۔ اس تقریب کا آغاز 26 دسمبر کو ہوا تھا جو 28 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر حکومت بہار کی طرف سے کی گئیں وسیع تیاریاں اور سکھ کمیونٹی کی عقیدت بھری سرگرمیاں اس بات کی غماز ہیں کہ یہ اتسو نہ صرف مذہبی ہے بلکہ سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ایک مقدس پلیٹ فارم بھی ہے۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نےکل 26 دسمبر کو پرکاش اتسوکی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا تھا۔انہوں نے پٹنہ صاحب میں قائم پرکاش پنچ کا بھی معائنہ کیا، جہاں سکھ مذہب کی روحانی تعلیمات، نمائشیں اور فنون کی نمائش لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، واچ ٹاور کی تعمیر کو تیز کرنے کی ہدایات دی گئیں تاکہ عقیدت مند اسے بہتر طور پر دیکھ سکیں۔ ارد گرد کے علاقے کو سبزہ زار اور پرکشش بنانے کے ساتھ تالاب کی تعمیر اور بیٹھنے کی جگہوں کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔ نتیش کمار نے پٹنہ سیٹی کے مال سلامی علاقے میں نئے کمیونٹی بھون کا دورہ کیا اور عقیدت مندوں کی سہولیات، صفائی اور سیکورٹی پر زور دیا۔ وہاں موجود عقیدت مندوں نے وزیر اعلیٰ کی تعریف کی اور کہا کہ انتظامات بہترین ہیں۔ان کی خوشی دیکھتے ہی بن رہی تھی۔
مال سلامی کے بعد وزیر اعلیٰ کنگن گھاٹ پہنچے، جہاں ٹینٹ سٹی قائم کی گئی ہے۔ افسران نے بتایا کہ یہاں ملٹی لیول پارکنگ بھی بنائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایات دیں کہ آنے والے تمام عقیدت مندوں کی سہولیات پر خاص توجہ دی جائے اور دھیان رکھا جائے کہ انھیںکوئی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے سکھ عقیدت مند اس مقدس مقام پر آتے ہیں۔بہار کے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ گرو گووند سنگھ جی کا جنم یہاں ہوا۔ اس دورے میں آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری، سیکریٹریٹ کے افسران اور پٹنہ کے ڈی ایم سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ آج 27 دسمبر کو نتیش کمار پٹنہ صاحب گوردوارہ میں حاضری دیں گے، جبکہ مرکزی اور ریاستی وزراء کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ظاہر ہے حکومت اس تقریب کو قومی سطح پر اہمیت دے رہی ہے۔
دوسری طرف، تخت سری ہرمندر صاحب میں پرکاش اتسوکا دوسرا دن عقیدت اور خدمت کے جذبے سے منایا گیا۔ ملک و بیرون ملک سے ہزاروں عقیدت مند پہنچے ہیں۔ گوردوارہ مینجمنٹ اور بہار حکومت نے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ بال لیلا گوردوارہ میں 24 گھنٹے لنگر چل رہا ہے، جہاں بغیر کسی تفریق کے عقیدت مندوں کو کھانا دیا جا رہا ہے۔ رہائش، نہانے اور آرام کی جگہیں بھی دستیاب ہیں۔ کشمیر سنگھ بھوری والے بابا جی کا کہنا ہے کہ یہاںرہنے، کھانے اور پینے کی مکمل سہولیات دستیاب ہیں۔ کنگن گھاٹ پر بڑا لنگر ہال ہے، جہاں ہزاروں لوگ روزانہ لنگر کر رہے ہیں۔ تخت کے جنرل سیکریٹری اندرجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ اس سال امریکہ، کینیڈا سمیت بیرون ملک سے ہزاروں عقیدت مند آئے ہوئے ہیں، جن کےلئے خصوصی انتظامات ہیں۔ حکومت بہار نے سیکورٹی، ٹریفک، صفائی اور صحت کی خدمات کو مضبوط کیا ہے تاکہ عقیدت مند محفوظ طریقے سے شرکت کر سکیں۔
یہ پرکاش اتسو گرو گووند سنگھ جی کے پیغامات کو دنیا کے گوشے گوشے تک پہنچاتا ہے۔ان کے تعلیمات بہادری، قربانی اورمساوات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے خالصہ کی بنیاد رکھ کر ایک ایسی تحریک شروع کی، جو آج بھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے۔ بہار میں یہ تقریب مختلف مذاہب کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاتی ہے۔اس سے ملک کی کثیر الثقافتی ہم آہنگی کو طاقت ملتی ہے۔ ایسے مواقع پر حکومت بہار کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ عقیدت مندوں کو ہر طرح کی سہولیات بر وقت دستیاب ہوں۔ سکھ کمیونٹی کی خدمت کا جذبہ بھی قابل ستائش ہے۔ لنگر کے ذریعے شب وروز سب کو ایک جیسا کھانا کھلایا جا رہا ہے۔غضب کا سماں ہے۔
آج کے دور میں، جب ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے، گرو جی کا پیغام خاص اہمیت رکھتا ہے۔ وہ کہتے ہیںکہ تمام انسانوں کی تخلیق ایک ہی نور سے ہوئی ہے۔ کوئی اونچ نیچ، چھوٹا بڑا نہیں ہے۔چنانچہ ہم سب کی بھی یہی کوشش ہونی چاہئے کہ تمام مذہبی تقریبات کو اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے طور پر منایا جائے۔ حکومت بہار کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔وہ اس تقریب کو عالمی سطح پر پروموٹ کر رہی ہے۔پوری دنیا میں بہار کا نام ہو رہا ہے۔یقین ہے کہ یہ اتسو عقیدت مندوں کے روحانی سکون کا سبب تو بنے گا ہی ، اس سے ملک میں امن اور ہم آہنگی کی فضا کو بھی تقویت ملے گی۔
 *********