جونیئر نیشنل کھو کھو چمپئن شپ میں 26 ریاستوں اور 6 مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 70 ٹیمیں حصہ لیں گی

تاثیر 26 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 26 دسمبر:44 ویں جونیئر نیشنل کھو-کھو چمپئن شپ 2025-26، 31 دسمبر 2025 سے 4 جنوری 2026 تک اٹل بہاری واجپئی اسٹیڈیم، گنجور، بنگلورو میں منعقد ہوگی۔ اس باوقار قومی مقابلے میں 26 ریاستوں اور 6 مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی تقریباً 70 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں تقریباً 35 لڑکوں اور 35 لڑکیوں کی ٹیمیں شامل ہیں۔
لداخ، جموں و کشمیر، پڈوچیری، چنڈی گڑھ، دادرا اور نگر حویلی اور دہلی اس چمپئن شپ میں حصہ لینے والے مرکز کے زیر انتظام علاقے ہیں۔ مزید برآں، کولہاپور، ودربھ، اور مدھیہ بھارت جیسی تسلیم شدہ کھو-کھو ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کرنے والی ٹیمیں بھی ٹائٹل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔ مقابلہ لیگ کم ناک آؤٹ فارمیٹ میں کرایا جائے گا۔
گزشتہ ایڈیشن کی چمپئن، مہاراشٹر پر اس بار بھی نگاہیں ہوں گی ۔ علی گڑھ، اتر پردیش میں 25 سے 29 نومبر تک منعقد ہونے والی 43 ویں جونیئر نیشنل کھو کھو چمپئن شپ میں مہاراشٹر نے لڑکوں اور لڑکیوں کے دونوں زمروں میں خطاب جیتا تھا۔