آئی ایچ ایم تارا تلہ میں شاندار کیک مکسنگ تقریب، خواتین کو خراجِ تحسین

تاثیر 6 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کلکتہ، 06/ دسمبر (تاثیر بیورو) انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ (آئی ایچ ایم) تارا تلہ، کولکتہ میں سالانہ کیک مکسنگ تقریب نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کا مرکزی موضوع ’’خواتین کو خراجِ تحسین‘‘ رکھا گیا۔ اس موقع پر معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی بااثر خواتین میں سماجی و سیاسی، ڈاکٹروں، اساتذہ، پولیس افسران، میڈیا پروفیشنل اور اسکول پرنسپل نے روایتی کیک مکسنگ میں حصہ لیا۔
تقریب کی خاص بات ’’لیڈی سانتا‘‘ کا تعارف تھا، جس نے روایتی سانتا کلاز سے ہٹ کر خواتین کے جذبۂ سخاوت، محبت اور قیادت کی علامت پیش کی۔ شائقین نے اس نئے تصور کو بے حد سراہا۔
تقریب کا آغاز کرسمس ٹری کی رسمی شمع افروزی سے ہوا، جو محکمۂ داخلہ، سیاحت اور پارلیمانی امور کی ایڈیشنل چیف سکریٹری اور آئی ایچ ایم کی چیئرپرسن محترمہ نندنی چکرورتی، آئی اے ایس نے انجام دی۔
طلبہ نے دلکش کیرول گیت پیش کیے، جن میں ایک بنگالی کرسمس کیرول خاص طور پر حاضرین کی توجہ کا مرکز بنی۔ شہر کے مختلف اسکولوں کے بچوں نے ٹفن اور کوکی ڈیکوریشن سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
آئی ایچ ایم کے تربیت یافتہ طلبہ نے اسٹرابیری پیسٹریز، پمپنگ اسپائس موس اور بیری پائیز سمیت متنوع بیکری مصنوعات کی نمائش بھی کی، جب کہ تقریب کی تمام تیاری اور انتظام طلبہ نے اساتذہ کی رہنمائی میں انجام دیا۔
اس موقع پر پرنسپل راجا سادھو کھن نے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، مہمان نوازی اور ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، جسے خواتین قائدین کی بھرپور شرکت نے یادگار بنا دیا۔