تاثیر 18 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 18 دسمبر:مدھیہ پردیش محکمہ صحت عامہ اور طبی تعلیم کے کمشنر ترون راٹھی نے سرد لہر سے بچاو کے لیے تمام میڈیکل کالجوں کے ڈین، چیف میڈیکل اور ہیلتھ افسران اور سول سرجن کم چیف اسپتال سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے فلڈ ملازمین اور عام شہریوں کو سرد لہر کی علامات، بچاو کے طریقے اور ڈوز اینڈ ڈونٹس کے سلسلے میں بیدار کرنے اور ضروری تیاریاں رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ جانکاری جمعرات کو رابطہ عامہ افسر انکش مشرا نے دی۔
قابل ذکر ہے کہ ریاست میں دسمبر اور جنوری مہینہ کے دوران سرد لہر کا قہر اکثر دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس مدت میں کئی علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت 7-5 ڈگری سیلسیس یا اس سے کم درج کیا جاتا ہے، جس سے عوام کی صحت پر منفی اثر پڑنے کا خدشہ رہتا ہے۔ شدید سردی کی وجہ سے ہائپوتھرمیا، فراسٹ بائٹ جیسی سرما سے ہونے والی بیماریاں اور مشکل حالات میں موت کا امکان بھی ہو سکتا ہے۔ سرد لہر کے دوران خاص طور پر 65 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ، 5 سال سے کم عمر کے بچے، دل اور سانس کی بیماری میں مبتلا افراد، بے گھر لوگ، کھلے مقامات اور تعمیراتی مقامات پر کام کرنے والے مزدور، سڑک کنارے رہنے والے افراد اور چھوٹے کاروباری انتہائی حساس ہوتے ہیں۔

