فخرالدین علی احمد ٹیچرس ٹریننگ کالج، دربھنگہ میں سالانہ کھیل کودمقابلہ جاتی سرگرمیوں کا شاندار اختتام

تاثیر 15 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام):فخرالدین علی احمد ٹیچرس ٹریننگ کالج جیوچھ گھاٹ دربھنگہ  میں پپیر کے روز سالانہ کھیل کود مقابلہ جاتی پروگرام کا اختتام ہوا پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اس اختتامی تقریب کے موقع پر مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے فاتحین کو میڈل دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر پروفیسر ہرے کرشن سنگھ، ڈین (فیکلٹی آف کامرس) اور ڈائریکٹر، ڈسٹنس ایجوکیشن، للت نارائن متھلا یونیورسٹی، دربھنگہ موجود تھے۔ جبکہ مہمان اعزازی کے طور پر ڈاکٹر غلام محمد انصاری، پرنسپل، اورینٹل کالج آف ایجوکیشن نے تقریب کی رونق بڑھائی۔ کالج کے پرنسپل اور ڈین (فیکلٹی آف ایجوکیشن) پروفیسر ششی بھوشن رائے نے مہمانوں کا گلدستہ اور شال پیش کر کے استقبال کیا۔مہمانِ خصوصی پروفیسر ہرے کرشن سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل انسانی اوصاف کا سرچشمہ ہیں۔ کھیل میں حاصل ہونے والی فتح صرف میڈل کی قیمت نہیں رکھتی بلکہ وہ اس خوشی کی علامت ہوتی ہے جو کھلاڑی اپنی محنت کے ذریعے حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل انسان کی زندگی کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔مہمان  اعزازی ڈاکٹر غلام محمد انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل زندگی کے فلسفے کو سمجھنے کا ذریعہ ہیں۔ یہ بچوں اور نوجوانوں میں نظم و ضبط، باہمی تعاون اور صحت مند مسابقت کے جذبے کو بیدار کرتے ہیں۔کالج کے پرنسپل پروفیسر ایس۔ بی۔ رائے نے کہا کہ معاشرے میں یکجہتی اور ہم آہنگی برقرار رکھنے میں اس طرح کی کھیلوں کی سرگرمیاں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کامیاب انعقاد پر تمام منتظمین اور شرکاء کی ستائش کی۔کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد چیف اسپورٹس انچارج ڈاکٹر کمکم کماری اور پنکج کمار کی مؤثر قیادت اور نگرانی میں کامیابی کے ساتھ انجام پایا۔ پروگرام میں استقبالیہ خطاب ڈاکٹر پوجا کماری گپتا، شعبہ سربراہ، ڈی۔ایل۔ایڈ۔ نے پیش کیا۔اس موقع پر کالج کے تربیتی طلبہ نے مختلف کھیلوں میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ تمام کامیاب شرکاء کو میڈل دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔ پروگرام میں کالج کے تمام اساتذہ اور غیر تدریسی عملے بھی موجود تھے-