بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ظلم وجبر ناقابل برداشت ۔شیو سینا

تاثیر 26 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں، 26 دسمبر:شیو سینا (یو بی ٹی) جموں و کشمیر یونٹ کے صدر منیش ساہنی نے بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے خلاف جاری مظالم کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش سمیت بیرونِ ملک مقیم ہندوؤں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
پارٹی کے ریاستی مرکزی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منیش ساہنی نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے قتل اور تشدد کے واقعات بلا روک ٹوک جاری ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دو ہندو نوجوانوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا، جن میں دیپو چندر داس کے بعد امرت منڈل کا بہیمانہ قتل شامل ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بنگلہ دیش میں بنیاد پرست عناصر بے لگام ہو چکے ہیں اور ہندو خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ بنگلہ دیشی حکومت ان واقعات پر پردہ ڈال رہی ہے۔ ساہنی نے بنیاد پرستوں کو خبردار کیا کہ اگر یہ بزدلانہ کارروائیاں بند نہ ہوئیں تو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔