آندھرا پردیش میں بس کھائی میں گر ی، 9 مسافر ہلاک، 10 کی حالت تشویشناک

تاثیر 12 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

الوری سیتارام راجو (آندھرا پردیش)، 12 دسمبر: آندھرا پردیش کے الوری سیتاراما راجو ضلع کے ماریڈوملی گھاٹ روڈ پر جمعہ کی صبح ایک بس حادثے میں بڑے جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ جائے وقوعہ پر نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے، اور دس افراد شدید زخمی ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔بس (AP 39 UM 6543) چتو ضلع کے وگنیشورا ٹریولز سے تعلق رکھتی ہے جس میں مبینہ طور پر 37 مسافر اور دو ڈرائیور سوار تھے۔ بس بھدراچلم سے اراکو جا رہی تھی۔ ماریڈوملی گھاٹو روڈ پر راجو گاری میٹو موڑ کے قریب بس بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔ اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو مزید علاج کے لیے بھدراچلم ایریا اسپتال لے جایا گیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ بس 6 دسمبر کی رات 9 بجے یاترا کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ یاترا کا اہتمام چتور شہر کے رام مورتی نامی ایجنٹ نے کیا تھا۔ بس بھدراچلم یاترا مکمل کرنے کے بعد اناوارم کی طرف جارہی تھی۔ مسافروں کی شناخت ضلع چتور کے رہنے والے کے طور پر کی گئی ہے۔
حادثہ پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ گھاٹ روڈ پر برف جمع ہونے کی وجہ سے بس پھسل کر وادی میں گر گئی۔ تمام مرنے والوں کی عمریں 50 سال سے زائد بتائی جاتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے بس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ عہدیداروں نے انہیں بتایا کہ زخمیوں کو چنتور اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔