کیتھ لیب ورکشاپ میں جدید کارڈیئک کیئر اور دیگر طبی سہولیات کی نمائش

تاثیر 2 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ، 2 دسمبر: جے این میڈیکل کالج واسپتال ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ امراض قلب نے کرونک ٹوٹل اوکلوژن (سی ٹی او) انٹروینشنز پر مبنی خصوصی کیتھ لیب ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ سی ٹی او ایک شدید قلبی بیماری ہے جس میں کورونری شریان تین ماہ سے زیادہ عرصے تک مکمل طور پر بند رہتی ہے۔ اس میں اکثر پیچیدہ اور کیلسیفائیڈ لیزن شامل ہوتے ہیں جن کے علاج کے لیے انتہائی جدید انٹروینشنل مہارت درکار ہوتی ہے۔
شعبہ کے چیئرمین پروفیسر آصف حسن نے بتایا کہ اس ورکشاپ کی قیادت سینئر انٹروینشنل کارڈیولوجسٹ اور سی ٹی او کے ماہر، اپولو، چنئی کے ڈاکٹر آنند گنانراج نے کی۔ ورکشاپ کے دوران آٹھ پیچیدہ سی ٹی او کیسیز کو پیچیدہ اینجیوپلاسٹی اور ری واسکیولرائزیشن کے لیے لیا گیا، اور تمام طریق ہائے عمل  کامیابی کے ساتھ مکمل کیے گئے، جو کیتھ لیب ٹیم کی ایک بڑی کامیابی ہے۔
ورکشاپ میں پروفیسر ملک اظہرالدین، پروفیسر شاد عبقری، ڈاکٹر محمد معاذ قدوائی اور ڈی ایم کارڈیولوجی کے سینئر ریزیڈنٹس نے بھی شرکت کی۔ عملی تربیت نے ان کی جدید انٹروینشنل تکنیکوں میں مہارت کو مزید مضبوط کیا۔یہ اقدام جے این ایم سی کی جدید قلبی علاج میں بڑھتی ہوئی خدمات کو ظاہر کرتا ہے، جو کم وسائل رکھنے والے مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ادارے میں علمی ترقی اور کلینیکل ٹریننگ کو بھی فروغ دے رہا ہے۔