فضائی آلودگی پر مرکزی حکومت کا بیان سائنسی حقائق کے خلاف ہے: جے رام رمیش

تاثیر 15 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 دسمبر: کانگریس کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے فضائی آلودگی اور اس سے ہونے والی اموات اور بیماریوں سے متعلق مرکزی حکومت کے بیان پر راجیہ سبھا میں ایک خط جاری کرتے ہوئے اسے چونکا دینے والا اور غیر حساس قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب سائنسی شواہد حکومت کے دعوے کی مکمل تردید کرتے ہیں۔ دریں اثنا، پیر کو دارالحکومت دہلی کے کئی علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 500 یا اس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
جے رام رمیش نے کہا کہ 9 دسمبر کو مرکزی حکومت نے راجیہ سبھا میں دعویٰ کیا کہ ملک میں ایسا کوئی ٹھوس ڈیٹا دستیاب نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ فضائی آلودگی موت یا بیماری کی واحد وجہ ہے۔ انہوں نے اسے ایک سنگین تشویش کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس سے قبل 29 جولائی 2024 کو بھی ایسا ہی بیان دیا تھا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ عوامی سطح پر دستیاب قومی اور بین الاقوامی سائنسی مطالعات حکومت کے دعووں کی نفی کرتے ہیں۔ دی لانسیٹ میں شائع ہونے والی جولائی 2024 کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہونے والی تمام اموات میں سے 7.2 فیصد فضائی آلودگی سے منسلک ہیں، اور ہر سال صرف 10 شہروں میں تقریباً 34,000 اموات اس سے ہوتی ہیں۔