وزیر اعلیٰ نے کچی درگاہ-بدو پور گنگا پل کے دوسرے مرحلے کی تیزی سے تعمیر کی ہدایت دی

تاثیر 9 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 9 دسمبر، 2025 وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج کچی درگاہ-بیدو پور 6 لین گنگا پل پروجیکٹ کے دوسرے مرحلہ کے حاجی پور-مہنار سڑک سے چک سکندر تک تعمیراتی کام کاجائزہ لیا۔
جائزہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچی درگاہ-بیدو پور 6 لین گنگا پل پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کے افتتاح کے بعد پٹنہ سے راگھوپور تک رابطہ بحال ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ پر تعمیراتی کام کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہے ہیں اور اس کی تکمیل میں تیزی لانے کے لئے افسران کوہدایت دیتے رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ کچی درگاہ-بیدو پور 6 لین گنگا پل پروجیکٹ کے باقی ماندہ کام کو تیزی سے مکمل کریں۔ ساتھ ساتھ رابطہ روڈ کی تعمیر کے کام کو مکمل کریں تاکہ بلا تعطل اور باقاعدگی سے آمدورفت ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کچی درگاہ-بیدو پور 6 لین گنگا پل پروجیکٹ کی تکمیل سے اس خطے کے لوگوں کو راجدھانی پٹنہ تک بلا تعطل سڑک رابطہ فراہم ہوگا۔ اس خطے میں زراعت، صنعت اور دیگر کاروبار تیزی سے ترقی کریں گے۔ مریضوں کو ہنگامی حالات میں طبی علاج کے لیے پٹنہ تک پہنچنے میں بھی آسانی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاتما گاندھی سیتو پر ٹریفک کم ہو جائے گی، اور لوگوں کو شمالی بہار اور جنوبی بہار کو ملانے کے لیے ایک اور متبادل راستہ ملے گا، جس سے سفر آسان ہو جائے گا۔ اس پل کی تعمیر سے لوگ پٹنہ شہر کے باہر سے شمالی بہار کے مختلف حصوں میں آسانی کے ساتھ سفر کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ ریاست میں معیاری سڑکوں اور پلوں کی مسلسل تعمیر کر کے آمدو رفت کو آسان بنا رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ نے 23 جون، 2025 کو کچی درگاہ (پٹنہ) سے راگھو پور دیارا (ویشالی) تک سڑک کے نئے تعمیر شدہ حصے کا افتتاح کیا تھا۔ پٹنہ ضلع کے تحت قومی شاہرہ راہ نمبر 30 پرقائم کچی درگاہ اور ویشالی ضلع کے تحت قومی شاہراہ نمبر 103 پر واقع بدو پور کے درمیان گنگا ندی پر کل 19.76 کلومیٹر طویل 6لین گرین فیلڈ پل پروجیکٹ کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ اس کے 9.76کیلو میٹر طویل پل اور 10 کیلو میٹر طویل رابطہ سڑک کی تعمیر کا کام ہو نا ہے ۔ اس پروجیکٹ کی کل لاگت 4 ہزار988کروڑ روپے ہے ۔
پہلے مرحلے میں کچی درگاہ، پٹنہ سے راگھو پور دیارا، ویشالی (کل لمبائی 4.57 کلومیٹر) کا افتاح ہو چکا ہے۔ دوسرے مرحلے میں حاجی پور-مہنار (NH-122B) سے چک سکندر (NH-322)تک اور تیسرے مرحلے میں راگھو پور دیارہ سے حاجی پور-مہنار (NH-122B) کی تعمیر کی جارہی ہے۔اب تک پروجیکٹ کی موجودہ پیشرفت 85فیصد ہے اورباقی ماندہ کام کو تیزی سے پورا کیا جارہا ہے ۔
معائنہ کے دوران آبی وسائل اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر کمار روی، بہار اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹرشرست کپل اشوک، ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم ، پٹنہ کے ایس ایس پی مسٹر کاتک کے شرما سمیت دیگر اہم شخصیات موجودتھیں۔