تاثیر 9 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 9 دسمبر: صنعت اور اندرونی تجارت کے فروغ کے محکمے (ڈی پی آئی آئی ٹی) نے اپنے ورکنگ پیپر کا پہلا حصہ شائع کیا ہے جس میں تخلیقی مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور کاپی رائٹ قانون کے درمیان باہمی تعلق کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس مقالے میں 28 اپریل 2025 کو ڈی پی آئی آئی ٹی کے ذریعے تشکیل دی گئی آٹھ رکنی کمیٹی (’کمیٹی‘) کی سفارشات کو شامل کیا گیا ہے۔
منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں، تجارت اور صنعت کی وزارت نے کہا کہ ایک حکومتی کمیٹی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ڈویلپرز کواے آئی سسٹم بنانے کے لیے قانونی طور پر دستیاب کاپی رائٹ سے محفوظ مواد استعمال کرنے کے لیے لازمی لائسنس دینے کی سفارش کی ہے۔ اس نے اس معاملے پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے رائے اور آراء بھی طلب کی ہیں۔ وزارت کے مطابق، کمیٹی کی سفارش یہ ہے کہ لائسنس کے ساتھ کاپی رائٹ رکھنے والوں کے لیے قانونی معاوضے کا حق بھی ہونا چاہیے۔ یہ تجاویز کمیٹی کے تیار کردہ ایک ورکنگ پیپر کا حصہ ہیں، جسے صنعت اور اندرونی تجارت کے فروغ کے محکمے (ڈی پی آئی آئی ٹی) نے اسٹیک ہولڈرز کے خیالات جاننے کے لیے جاری کیا ہے۔

