تاثیر 12 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
رانچی، 12 دسمبر: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مہلک کف سیرپ کی خرید و فروخت سے متعلق 1,000 کروڑ کے غیر قانونی تجارت کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر جھارکھنڈ، اتر پردیش اور گجرات میں 25 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ آج صبح سے رانچی کے ٹوپودانا میں شیلی ٹریڈرس پر بھی ای ڈی کی چھاپہ ماری جاری ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق لکھنؤ، وارانسی، جونپور، سہارنپور، احمد آباد اور رانچی سمیت کئی شہروں میں بیک وقت چھاپے مارے جا رہے ہیں۔جانچ کے دائرے میں کف سیرپ کے غیرقانونی تجارت سے جڑے کاروباری اور چارٹرڈ اکاؤنینٹ وشنو اگروال بھی ملوث ہے۔
ای ڈی کی ٹیم جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے ٹوپودانا انڈسٹریل ایریا میں واقع شیلی ٹریڈرز کے آپریٹر بھولا پرساد کے اسٹیبلشمنٹ اور فلیٹ کی بھی تلاشی لے رہی ہے۔ بھولا پرساد وارانسی پولیس میں درج ایف آئی آر میں ایک ملزم ہے اور مبینہ طور پر غیر قانونی کھانسی کے شربت کیس کے مرکزی ملزم شبھم جیسوال کا رشتہ دار ہے۔اطلاعات کے مطابق بھولا پرساد نے شیلی ٹریڈرز اسٹیبلشمنٹ کو بھلائی کیمیکلز کے آپریٹر جگناتھ ساہو سے کرایہ پر لیا تھا۔ کچھ دن پہلے وارانسی پولیس نے اس جگہ پر چھاپہ مارا تھا لیکن کھانسی کا شربت کسی اور مقام سے برآمد ہوا تھا۔

