تاثیر 8 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور):دلیگاؤں پنچایت سنگھرش کمیٹی کے ارکان نے گزشتہ روز علاقے کی متعدد سنگین بنیادی مسائل کے تعلق سے مقامی رکنِ اسمبلی گوپال کمار اگروال کو ایک میمورنڈم پیش کی۔ کمیٹی نے میمورنڈم کے ذریعے میچی ندی پر ادھورے پڑے پل کی تعمیر کو تیز کرنے، سڑکوں کی تعمیر میں تاخیر کو دور کرنے، مسلسل بڑھتے ندی کنارے کے کٹاؤ سے بچاؤ کے اقدامات کرنے، قبرستان کی باقاعدہ گھیرابندی اور پنچایت کے مختلف مقامات پر ٹوٹے اور خستہ حال راستوں کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا۔
کمیٹی کے ارکان نے بتایا کہ میچی ندی پر تعمیر ہونے والا پل کئی برس سے ادھورا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ برسات کے دنوں میں صورتِ حال مزید خراب ہوجاتی ہے۔ اسی کے ساتھ ندی کٹاؤ کی پریشانی مسلسل سنگین ہوتی جارہی ہے اور کئی گھر اور قابلِ کاشت زمین کٹاؤ کی زد میں آچکی ہے۔ کمیٹی نے ندی کنارے فوری سیلاب و کٹاؤ مخالف کام شروع کرنے کی گزارش کی۔ اس کے علاوہ دلیگاؤں پنچایت کے قبرستان کی مناسب گھیرابندی نہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ کمیٹی نے اس مسئلے کو انسانی اور مذہبی نقطۂ نظر سے اہم قرار دیتے ہوئے فوری توجہ کی ضرورت پر زور دیا۔ ساتھ ہی پنچایت کے کئی علاقوں میں اہم سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں جن پر چلنا نہایت دشوار ہوگیا ہے۔ ایم ایل اے گوپال کمار اگروال نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے تمام مسائل پر سنجیدگی سے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ متعلقہ محکموں سے بات چیت کر کے جلد سے جلد حل کی کوشش کی جائے گی۔ سنگھرش کمیٹی کے ارکان نے امید ظاہر کی کہ انتظامی سطح پر فوری کارروائی سے دیہی عوام کو بڑی سہولت مل سکے گی۔ اس موقع پر دلیگاؤں پنچایت سنگھرش کمیٹی کے صدر محمد ظہور عالم رضوی، نائب صدر ندیم سرور، سکریٹری ڈاکٹر رضوان، خزانچی سہیل اختر، کمیٹی رکن ماسٹر تحسین رضا سمیت درجنوں لوگ موجود تھے۔

