مظفرپور میں دن دہاڑے دوا کی دکان پر فائرنگ، دکاندار نے کاؤنٹر کے نیچے چھپ کر بچائی جان

تاثیر 26 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور( نزہت جہاں)
مظفرپور میں جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے اس قدر بلند ہو چکے ہیں کہ اب دن دہاڑے بھی واردات انجام دینے سے باز نہیں آ رہے۔ راجے پور تھانہ حلقہ کے بلتھی چوک کے قریب واقع ایک دوا کی دکان پر دو مسلح بدماشوں نے اچانک فائرنگ کر دی۔ خوش قسمتی سے دکاندار بال بال بچ گیا۔ معلومات کے مطابق، دوا دکان کے مالک وجے شرما حسب معمول اپنی دکان پر موجود تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو بدماش وہاں پہنچے۔ جیسے ہی بدماشوں نے پستول نکالا، دکاندار کی نظر اس پر پڑ گئی اور خطرے کو بھانپتے ہوئے وہ فوراً کاؤنٹر کے نیچے چھپ گئے۔ بدماشوں نے دکاندار کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی، تاہم گولی انہیں نہیں لگی اور ان کی جان بچ گئی۔ لوٹ کی نیت سے آئے بدماش آس پاس بھیڑ دیکھ کر اس واردات کو انجام دیے بغیر ہی اسلحہ لہراتے ہوئے موقع واردات سے فرار ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوراً موقع پر پہنچی اور علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالنے میں مصروف ہے تاکہ مجرموں کی شناخت کی جا سکے۔ راجے پور تھانہ پولیس کا کہنا ہے کہ بدماشوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس سنسنی خیز واقعہ کے بعد علاقے کے تاجروں میں شدید غصہ اور خوف کا ماحول ہے۔ کاروباری حضرات نے پولیس سے گشت بڑھانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے