تاثیر 3 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکتہ، 03/ دسمبر (محمد نعیم) کولکتہ کے رابندر سرور لیک واقع لائنس سفاری پارک میں فلورنس کی جانب سے شجرکاری مہم کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی۔ اس پروگرام میں لیک اتھارٹی کے نمائندے، روٹری ممبران اور ممتاز ماہرِ ماحولیات جناب ایس۔ ایم۔ گھوش نے خصوصی شرکت کی۔
مہم کا مقصد سبزہ بحال کرنا اور ماحول کے تحفظ کے لئے فلورنس کے عزم کو مضبوط بنانا تھا، جو اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی ہدف ’’ماحول کا تحفظ‘‘ سے ہم آہنگ ہے۔ رضاکاروں نے مختلف پودے لگائے اور ماحولیاتی توازن کی بحالی کے لئے مسلسل کوشش جاری رکھنے کا عہد کیا۔
تقریب میں اس امر پر زور دیا گیا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول بلکہ انسانی ذہنی صحت کے لئے بھی مفید ہے۔ سبزہ تناؤ کم کرتا ہے، ذہنی سکون دیتا ہے اور صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتا ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ درخت فضا کو صاف کرنے، آلودگی گھٹانے، حیاتیاتی تنوع بڑھانے اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر سریشٹھا گنگولی کی قیادت میں فلورنس ٹیم نے تمام معزز مہمانوں، رضاکاروں اور تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب کے اہم شرکائے خصوصی میں مسٹر اشوک مہتا، چیئرمین، لائنس کلب نارتھ کلکتہ، ایس۔ ایس۔ راجپوت، سیکریٹری، لائنس کلب نارتھ کلکتہ اور موہن اگروال، سابق نائب صدر شامل تھے۔

