فورٹیس ہیلتھ کیئر کی ملک گیر ہیلمٹ سیفٹی مہم

تاثیر 1 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکتہ، یکم دسمبر (تاثیر بیورو) فورٹیس ہیلتھ کیئر نے ملک بھر میں ہیلمٹ سیفٹی مہم کا آغاز کیا، جس کا مقصد دو پہیا سواروں میں تحفظ کے شعور کو بڑھانا اور سڑک حادثات میں ہونے والی ہنگامی صورتحال کو کم کرنا ہے۔ مہم کے تحت فورٹیس اسپتال آنندا پور نے شہر کے مصروف چوراہوں پر بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والوں میں تقریباً 100 ہیلمٹ اور فرسٹ ایڈ بُک لیٹس تقسیم کیں۔ اس موقع پر امریش بوس، او سی کسبا ٹریفک گارڈ نے خصوصی کِیوسک کا افتتاح کیا۔
مہم میں ایک شخص کو یمراج کا روپ دے کر شامل کیا گیا، جو ہیلمٹ تقسیم کرتے ہوئے عوام کو حفاظتی تدابیر کی اہمیت سے آگاہ کرتا رہا، جس سے مہم کو منفرد اور مؤثر انداز ملا۔
ڈاکٹر رتو گرگ، چیف گروتھ اینڈ انویشن آفیسر، فورٹیس ہیلتھ کیئر نے کہا کہ ہیلمٹ کا استعمال جان بچانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور یہ مہم عوام میں ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے جذبے کو مضبوط کرے گی۔
مسٹر آشیش مکھرجی، فیسلٹی ڈائریکٹر فورٹیس اسپتال آنندا پور نے کہا کہ سر کی چوٹیں زیادہ تر ہیلمٹ نہ پہننے کے باعث ہوتی ہیں، اس لیے یہ مہم زندگیوں کے تحفظ کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
یہ سرگرمی ’’فورٹیس ہے نا‘‘ مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد کمیونٹی میں ایمرجنسی آگاہی اور حفاظتی شعور کو فروغ دینا ہے۔ فورٹیس ہیلتھ کیئر نے اس کے ذریعے عوامی صحت و سلامتی کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔