لوٹ پاٹ کی مخالفت کرنے پر نوجوان کا قتل ،دو نابالغ سمیت چار افراد گرفتار

تاثیر 9 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 9 دسمبر: شمالی دہلی کے سرائے روہیلا علاقے میں ایک نوجوان کے قتل کے معاملے میں پولیس نے دو نابالغ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے 150 سے زیادہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو اسکین کیا اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے مقامی انٹیلی جنس پر بھی انحصار کیا۔ واردات میں استعمال ہونے والا چاقو، مسروقہ اسکوٹر اور جرم کے دوران پہنے ہوئے کپڑے بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ پولیس نے اس کارروائی کے ذریعے موبائل چھیننے اور گاڑی چوری کی مزید دو وارداتوں کو حل کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے منگل کو بتایا کہ 30 نومبر کی رات سوامی نارائن مارگ پر نامعلوم حملہ آوروں کے ذریعے ایک نوجوان کو چاقو مار کر شدید زخمی کر دیا گیا۔ متاثرہ شخص، جس کی شناخت آریان (18) کے طور پر ہوئی ہے جو پرتاپ باغ کے رہنے والا ہے، اسے قریبی اسپتال اور پھر آر ایم ایل اسپتال لے جایا گیا، جہاں 2 دسمبر کو اس کی موت ہوگئی۔
انسپکٹر جگموہن مینا کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے علاقے میں 150 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں کو اسکین کیا۔ فوٹیج میں چار لڑکوں کو واقعہ کے فوراً بعد شاستری نگر کی طرف بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مزید فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ان میں سے دو لڑکوں کو کنہیا نگر سے ایک اسکوٹر چوری کرتے ہیں اور اگلی صبح اسی اسکوٹر کے ذریعہ چھین جھپٹ کی واردات کرتے ہیں۔ مسلسل نگرانی اور انٹیلی جنس کی مدد سے، پولیس نے 4 دسمبر کی صبح روشن (19) کو اس کے گھر سے گرفتار کیا۔ اس کے مقام سے مسروقہ اسکوٹر برآمد کر لیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران روشن نے انکشاف کیا کہ وہ اور تین دوست اس رات پارک میں شکار کی تلاش میں تھے تبھی آرین وہاں سے نکلا۔